قبل از وقت تیاری کرنے پر زور ، ارکان کے تربیتی کلاسیس سے وائی ایس جگن موہن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد /3 جولائی ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں اپنا رویہ و طریقہ کار انتہائی مثالی ہونا چاہئے ۔ جبکہ میں قائد ایوان ہونے کے باوجود قائد اپوزیشن مسٹر این چندرا بابو نائیڈو بات کرنا چاہیں تو انہیں وقت دیتے ہوئے میں نے انہیں موقع دینے کیلئے اپنی نشست پر بیٹھ جاتا ہوں ۔ اسمبلی کیلئے منتخبہ نئے ارکان اسمبلی کیلئے منظم کردہ ٹریننگ کلاسیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو کسی موضوع پر بات کرتے وقت مکمل طور پر معلومات ہونی چاہئے اور اسمبلی کے باہر کتنے ہی بہتر مقرر ہوں ۔ لیکن اسمبلی کے ایوان میں موضوع پر مکمل معلومات نہ رکھتے ہوئے اظہار خیال کی کوشش کرنے پر ناکام ہوجائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبھی بھی اپوزیشن ارکان اسمبلی کا ’’ پلہ بھاری‘‘ ہی رہتا ہے ۔ کیونکہ وہ عوام مسائل کو پیش کرنے کی کوشش کیا کرتے ہیں ۔ لہذا اپوزیشن ارکان کے پیش کئے جانے والے مسائل پر بھی اولین ترجیح دیتے ہوئے بہتر انداز میں نمٹتے ہوئے اپنا جواب دینے کی ضرورت ہوگی ۔ جگن موہن ریڈی نے ارکان اسمبلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی میں بات کرنے کیلئے صبح چار بجے اٹھ کر مکمل تیاری کرتے ہیں اور جتنی زیادہ معلومات رکھتے ہیں اسمبلی میں بات کریں گے تو عوام ان تمام حقائق سے واقف ہوں گے ۔ اسمبلی کے کمیٹی ہال میں ارکان اسمبلی کیلئے ٹریننگ پروگرام کا آج آغاز ہوا ۔ دو روزہ پروگرام میں وائی ایس کانگریس پارٹی کے تمام نومنتخبہ ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل ، پی ڈی ایف ارکان قانون ساز کونسل وغیرہ نے شرکت کی ۔ ممتاز سیاسی مبصرین کے ذریعہ ارکان اسمبلی کیلئے ٹریننگ کلاسیس منظم کی جارہی ہے ۔ جبکہ اپوزیشن تلگودیشم پارٹی کے کسی رکن اسمبلی نے اس ٹریننگ پروگرام میں شرکت نہیں کی ۔
