ارکان اسمبلی کی خریدی کا معاملہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کا جلسہ عام منسوخ

   


31 اکٹوبر کو اسمبلی حلقہ کے 7 منڈلس اور 2 میونسپلٹیز میں جلسے، یکم ؍ نومبر کو بائیک ریالیاں منظم کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) بی جے پی نے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی خریدی کا معاملہ ملک بھر میں سنسنی خیز بن جانے کے بعد 31 اکٹوبر کو منوگوڑ میں منعقد ہونے والے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے جلسہ عام کو منسوخ کردیا ہے۔ اس کے بجائے 31 اکٹوبر کو اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے 7 منڈلوں اور 2 میونسپلٹیز ہیڈکوارٹر پر 9 جلسہ عام منعقد کرنے دوسرے دن یکم ؍ نومبر کو بڑے پیمانے پر بائیک ریالیاں منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ارکان اسمبلی کی خریدی کے مسئلہ پر ٹی آر ایس نے بی جے پی پر راست الزامات عائد کیا ہے جس کے بعد بی جے پی قومی قیادت نے تلنگانہ بی جے پی کے قائدین کو 31 اکٹوبر کو منعقد ہونے والے جے پی نڈا کے جلسہ عام کو منسوخ کرنے اور اپنے طور پر جلسے منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ بی جے پی قومی قیادت کی ہدایت وصول ہوتے ہی تلنگانہ بی جے پی کے انچارج ترون چوگ حیدرآباد پہنچ گئے۔ شہر میں دستیاب بی جے پی قائدین کے ساتھ تازہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد منوگوڑ کیلئے روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے اسٹرینگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا۔ جے پی نڈا کے جلسہ عام منسوخ ہونے کی وجوہات بتاتے ہوئے پارٹی کے 9 اہم قائدین کو 7 منڈل اور 2 میونسپلٹیز پر 31 اکٹوبر کو جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے عوام کو بی جے پی کی کامیابی کا یقین دلانے اور کسی بھی صورت میں ٹی آر ایس کے بچھائے گئے جال میں پھنسنے کے بجائے بی جے پی کو ووٹ دینے کی کامیاب ترغیب دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے دوسرے دن یکم ؍ نومبر کو تمام منڈل ہیڈکوارٹرس پر بڑے پیمانے پر بائیک ریالیاں منظم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ن