ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کا کیس- تینوں ملزمین کو آج شام تک شہر نہ چھوڑنے عدالت کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/28 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کے کیس میں سائبر آباد پولیس نے آج ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت کی ریمانڈ مسترد کرنے کو چیلنج کرنے درخواست داخل کی ۔ عدالت نے اس کی سماعت کے بعد عبوری احکامات میں بی جے پی کے تینوں ایجنٹس کو آئندہ 24 گھنٹوں تک حیدرآباد نہ چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ معین آباد میں واقع ایک فارم ہاوز پر سائبرآباد پولیس نے دھاوا کرکے بی جے پی کے تین ایجنٹس راما چندرا بھارتی عرف ستیش شرما، کے نند کمار عرف نندو اور سمہیا جی سوامی کو گرفتار کرکے ان پر رشوت ستانی اور مجرمانہ سازش کے تحت مقدمہ درج کیا تھا اور بعد ازاں ملزمین کو اے سی بی جج کی رہائش گاہ پر پیش کیا گیا تھا لیکن جج نے پولیس کی ریمانڈ کو مسترد کرتے ہوئے یہ سوال کیا تھا کہ انسداد رشوت ستانی ایکٹ لاء اینڈ آرڈر پولیس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اور نہ دھاوے میں نقد رقم کی ضبطی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اے سی بی عدالت کی جانب سے ملزمین کی ریمانڈ رپورٹ کو مسترد کرنے کو چیلنج
کیا گیا ۔ ہائی کورٹ میں فوجداری نظرثانی درخواست داخل کرکے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے آج یہ استدلال پیش کیا کہ برسر اقتدار ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو کروڑہا روپئے کا لالچ دے کر خریدنے کی کوشش کی گئی اور رشوت ستانی قوانین کے تحت ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔ اس درخواست کی مخالفت میں سینئر ایڈوکیٹ ویدولا سرینواس نے بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف منصوبہ کے تحت یہ سازش رچی گئی اور پولیس کے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں لہذا انہیں رہا کیا جائے۔ وکیل دفاع نے یہ بھی کہا کہ فارم ہاوز میں پہلے سے کیمرے اور مائیکرو فونس نصب کئے گئے تھے تاکہ ان کے موکلین کو پھانسا جائے۔ جس پر عدالت نے پولیس سے سوال کیا کہ کیوں فارم ہاوز کے احاطہ میںدرخواست گذاراور ملزمین کی ملاقات سے قبل ہی خفیہ کیمرے اور مائیکرو فونس لگائے گئے تھے۔ دونوں کے مباحث کے بعد جسٹس سی ایچ سما لتا نے اپنے احکام میں کہا کہ تینوں ملزمین کو اگلے 24 گھنٹوں تک شہر چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے اور وہ اپنی رہائش کا پتہ سائبرآباد پولیس کو 6 بجے شام تک فراہم کریں۔ عدالت نے اپنے احکام میں یہ بھی کہا کہ تینوں ملزمین اگلے 24 گھنٹوں تک اس کیس کے گواہوں یا درخواست گذار سے ربط کرنے کی کوشش نہ کریں ۔ کیس کی قطعی یکسوئی 29 اکٹوبر کو کی جائے گی۔ب