ارکان اسمبلی کے انحراف سے کانگریس کو نقصان عارضی

   

عوام ٹی آر ایس حکومت سے ناراض، پنالہ لکشمیا کا بیان
حیدرآباد ۔ 3۔ اپریل (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس ارکان اسمبلی کے انحراف اور بعض دیگر قائدین کے ٹی آر ایس میں شمولیت سے پارٹی کو کسی حد تک نقصان ضرور ہوگا لیکن یہ عارضی نوعیت کا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانہ پر انحراف کی صورتحال سے پارٹی کارکن کسی قدر مایوس ضرور ہیں لیکن عوام ٹی آر ایس سے سخت ناراض ہے۔ ٹی آر ایس نے جس طرح غیر جمہوری اور غیر دستوری انداز میں اپوزیشن ارکان اسمبلی کو انحراف کیلئے مجبور کیا، اس سے عوام خوش نہیں ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر لوک سبھا حلقہ میں کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم عروج پر ہے اور عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ بھونگیر سے کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ پنالہ لکشمیا نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات مودی اور راہول گاندھی کے درمیان مقابلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کی حیثیت سے آئی ٹی شعبہ میں حیدرآباد کی ترقی میں ان کا اہم رول رہا ۔ اسمبلی انتخابات میں بے قاعدگیوں کے ذریعہ ٹی آر ایس کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے کہا کہ ٹی آر ایس کے امیدوار کئی مواضعات کا دورہ تک نہیں کیا۔ اس کے باوجود وہ کامیاب رہے۔ پنالہ لکشمیا نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ میں کانگریس کا بہتر مظاہرہ رہے گا۔
تلنگانہ کے لیے کانگریس کی پبلسٹی کمیٹی
حیدرآباد ۔ 3۔ اپریل (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ میں پبلسٹی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اے آئی سی سی پبلسٹی کمیٹی کے صدرنشین آنند شرما کی منظوری سے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی آر سی کنتیا نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ جی نارائن ریڈی خازن پردیش کانگریس کمیٹی کے کو چیرمین مقرر کئے گئے ہیں۔ جی نرنجن ترجمان پردیش کانگریس اور کے راجیشور راؤ ایڈوکیٹ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔