حیدرآباد ۔27 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے انحراف کے الزامات کا سامنا کرنے والے مزید دو ارکان اسمبلی کے علاوہ اسپیکر اسمبلی پرساد کمار کو نوٹس جاری کی ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے درخواست دائر کرتے ہوئے اسپیکر کے فیصلہ کو چیلنج کیا گیا جس میں انہوں نے تمام 10 ارکان اسمبلی کے خلاف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کلین چٹ دے دی۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل بنچ نے اسپیکر اسمبلی اور ارکان اسمبلی سنجے کمار اور کڈیم سری ہری کو ہدایت دی کہ جوابی حلفنامہ داخل کریں۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 16 اپریل کو مقرر کی گئی ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے دائر کردہ شکایت میں کہا گیا ہے کہ دونوں ارکان اسمبلی بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے اور کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اسپیکر نے منحرف اکران کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے ارکان کی بی آر ایس میں برقراری کا دعویٰ کیا ہے۔ اسپیکر کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ میں 7 ارکان اسمبلی کو گزشتہ دنوں اسی معاملہ میں نوٹس جاری کرتے ہوئے جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہائی کورٹ سے جملہ 9 ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کی گئی جبکہ منحرف ارکان اسمبلی کی تعداد 10 ہے۔1