لوک پال سے بھی شکایت کرنے تلنگانہ کانگریس کا فیصلہ
حیدرآباد 23 مارچ ( پی ٹی آئی ) کانگریس نے آج ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ریاست میں ٹی آر ایس کی جانب سے اپوزیشن ارکان اسمبلی کی انحراف کیلئے حوصلہ افزائی کے خلاف شکایت کی ۔ پارٹی نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر لوک پال سے بھی شکایت درج کروائے گی ۔ کانگریس نے گورنر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ اس یادداشت کی ایک نقل صدر جمہوریہ ہند اور مرکزی حکومت کو بھی روانہ کی جائے تاکہ ریاست میں دستور کے دفعہ 356 کا استعمال کرتے ہوئے صدر راج نافذ کیا جاے ۔ یادداشت کی نقول کو بعد میں میڈیا میں بھی تقسیم کیا گیا ۔سینئر کانگریس لیڈر ویرپا موئیلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوک پال کی تشکیل ہوچکی ہے ۔ یہ قانون یو پی اے حکومت نے اپنی دوسری معیاد کے دوران منظور کیا تھا ۔ اب ٹی آر ایس کی جانب سے اپوزیشن ارکان اسمبلی کی انحراف کیلئے حوصلہ افزائی کے تعلق سے لوک پال سے پہلی شکایت درج کروائی جائے گی ۔ واضح رہے کہ کانگریس کے 9 ارکان اسمبلی نے حال ہی میں پارٹی چھوڑ کر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ ان میں سے کچھ کا کہنا تھا کہ وہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھی مستعفی ہوجائیں گے اور دوبارہ انتخاب لڑیں گے ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 19 اسمبلی حلقوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ کانگریس نے یہاں آج ایک کل جماعتی اجلاس بھی منعقد کیا ۔ جس میں ارکان اسمبلی کے انحراف پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا ۔