حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز)کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ ارکان اسمبلی کو الاٹ کئے جانے والے فنڈز کے بارے میں وضاحت کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ ملک میں جاری کورونا وائرس کے بحران کے موقع پر اسمبلی حلقہ جات کیلئے ترقیاتی فنڈ کے استعمال کے بارے میں حکومت کو وضاحت کرنی چاہیئے ۔ ارکان اسمبلی یہ فنڈ استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی اسمبلی حلقہ میں سداشیو پیٹ میونسپلٹی کے تحت پانی کی شدید قلت ہے۔ موسم گرما کے سبب پانی کی سربراہی کیلئے ترقیاتی فنڈ کے استعمال کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے فنڈز منظور کئے جانے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے نام پر ترقیاتی فنڈز کو روکا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے اقدامات کی کانگریس پارٹی مکمل تائید کرتی ہے۔