ارکان پارلیمنٹ کو سبسڈی والا کھانا نہیں ملے گا

   

نئی دہلی : لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ پارلیمنٹ بجٹ سیشن کا 29 جنوری سے آغاز ہوگا۔ پارلیمنٹ سیشن کے دوران راجیہ سبھا کی کارروائی صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک چلے گی۔ جبکہ لوک سبھا کی کارروائی شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک چلے گی۔ پارلیمنٹ کے احاطہ کی کینٹین میں اب ارکان پارلیمنٹ کو سبسڈی والا کھانا نہیں ملے گا۔ ارکان پارلیمنٹ کو کینٹین میں کھانے پر سبسڈی دی جاتی تھی۔ اب اس پر روک لگا دی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر ارکان پارلیمنٹ کی رہائش گاہوں کے نزدیک بھی ان کے آر ٹی۔ پی سی آر کووڈ۔19 ٹسٹ کئے جانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ کے احاطہ میں 27 اور 28 جنوری کو آر ٹی ۔ پی سی آر جانچ کی جائے گی۔ ارکان پارلیمنٹ کے افراد خاندان اور ملازمین کی آر ٹی۔ پی سی آر جانچ کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مرکز اور ریاستوں کے ذریعہ بنائی گئی ٹیکہ مہم پالیسی ارکان پارلیمنٹ پر لاگو ہوگی۔