ارکان کونسل کے بعد 3 بی آر ایس ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا امکان

   

سرینواس یادو کی کابینہ میں شمولیت کیلئے اکھیلیش یادو کی سفارش۔ پرکاش گوڑ اور کرشنا موہن ریڈی بھی تیار

حیدرآباد5 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں بی آر ایس ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ کل رات دیر گئے 6 ارکان کونسل کی شمولیت کے بعد اب 3 ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے ۔ کہا جا رہاہے کہ ان میں رکن اسمبلی صنعت نگر ٹی سرینواس یادو بھی شامل ہیں جو نہ صرف کانگریس میں شمولیت کیلئے آمادہ ہوچکے ہیں بلکہ کابینہ میں شمولیت کیلئے بھی کوشاں ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرینواس یادو سابق رکن اسمبلی صنعت نگر کو کابینہ میں شامل کروانے سماج وادی سربراہ اکھلیش یادو نے بھی سفارش کی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت اور کانگریس پر سرینواس یادو کو تلنگانہ کابینہ میں شامل کروانے شمالی ہند سے کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن اب تک اس کی توثیق نہیں ہوئی کہ حکومت یا کانگریس قائدین نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے مگر یہ بات طئے ہے کہ ٹی سرینواس یادو کانگریس میں شامل ہونے والے ہیں ۔تلنگانہ میں بی آر ایس کے منتخبہ اور نامزد ارکان کی کانگریس میں شمولیت کے سلسلہ کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ کانگریس ‘بی آر ایس کے بیشتر ارکان اسمبلی کو پارٹی میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کئے ہوئے ہے۔ رکن اسمبلی محبوب نگر بی کرشنا موہن ریڈی جو بی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں وہ بھی جلد کانگریس میں شمولیت کی تیاری کرچکے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ بی کرشنا موہن ریڈی کانگریس کے سرکردہ قائدین سے رابطہ میں ہیں اور پارٹی کارکنوں سے مشاورت کر رہے ہیں ۔ بی کرشنا موہن ریڈی کو ان کے حامیوں نے کانگریس میں شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے لیکن وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے پارٹی میں شامل کروائے جانے کا انتظار کر رہے ہیں ۔ جلد ہی وہ کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 یا 14جولائی کو وہ بی آر ایس سے استعفی و کانگریس میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں۔ راجندر نگر بی آر ایس رکن اسمبلی پرکاش گوڑ جو کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد سے ہی حکومت بالخصوص چیف منسٹر سے تعلقات استوار کئے ہوئے ہیں اور متعدد مرتبہ یہ جھلک دے چکے ہیں کہ وہ بی آر ایس سے کسی بھی وقت مستعفی ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں لیکن کافی عرصہ تک اطلاعات کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ملاقاتیں عوامی نمائندہ کی حیثیت سے ہوئی تھیں جو کہ اپنے حلقہ اسمبلی ترقی کو یقینی بنانا چاہتاہے۔ چیف منسٹر اور پرکاش گوڑ کی ملاقاتوں کے متعلق استفسار پر پرکاش گوڑ نے اقرار کیا کہ وہ پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے کانگریس میں شمولیت پر خیال کر رہے ہیں اور مشورہ کی بنیاد پر وہ فیصلہ کریں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ پرکاش گوڑ نے مشاورت مکمل کرلی اور اب وہ بی آر ایس سے علحدگی کا ذہن بنا چکے ہیں ۔ وہ جلد ہی کانگریس میں شامل ہونگے۔ پرکاش گوڑ کی کانگریس میں شمولیت کو ابھی ہائی کمان کی منظوری نہیں ملی لیکن کہا جا رہاہے کہ وہ جلد کانگریس میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں۔3