حیدرآباد کے ساتھ سمجھوتہ کی پیشکش اور مختلف امور پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ازبکستان کے سفیر فرہاد عرضیف نے آج یہاں جی ایچ ایم سی کے میئر بی رام موہن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ای ویزا کی سہولت پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہے ۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہند اور ازبکستان کے مابین خوشگوار تعلقات ہیں، تاشقند معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کا ایک ثبوت ہے ۔ ازبکستان کے ایک شہر بوہرا کے ساتھ حیدرآباد کے عاجلانہ سمجھوتہ کی تجویز ہے۔ اس سمجھوتہ کی تکمیل کے بعد دونوں تاریخی شہروں کے درمیان ادب ، فنون لطیفہ ، ثقافت ، تعلیم و تجارت کے شعبوں میں باہمی تبادلے سمجھ میں آئیں گے ۔ ازبکستان میں حیدرآباد کی فلمی صنعت کو اپنے پر فضاء اور حسین قدرتی مناظر سے مزین مقامات پر شوٹنگ کیلئے مدعو کیا ہے۔ علاوہ ازیں اس ملک میں دیگر کئی پرکشش تاریخی و تفریحی مقامات قابل دید ہیں۔ ازبکستان کے کئی طلبہ عثمانیہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ ازبکستان میں فارمیسی کی صنعتوں کے قیام کے بہتر مواقع ہیں۔ میئر حیدرآباد بی رام موہن نے ازبک سفیر فرہاد عرضیف کو مومنٹو پیش کیا اور شہر کے نظم و نسق سے واقف کروایا ۔