اساتذہ ، ورکرس اور پنشنرس کے گرانی الاونس میں اضافہ

   

یکم جنوری 2019 سے نافذالعمل ، حکومت سے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد /7 نومبر ( سیاست نیوز ) ریاستی سرکاری ملازمین اساتذہ ورکرس اور پنشنرس کیلئے گرانی الاونس میں اضافہ کرتے ہوئے حکومت نے احکامات جاری کئے اور ان جاری کردہ احکامات کی روشنی میں اضافہ شدہ گرانی الاونس کا یکم جنوری 2019ء سے ہی نفاذ عمل میں آئے گا ۔ لیکن یکم جنوری تا یکم اکٹوبر تک ادا شدنی اضافہ کردہ گرانی الاونس کی رقم کو جی پی ایف میں اور کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کے ملازمین کو ان کے پرانا اکاونٹ میں جمع کیا جائے گا اور اس طرح اضافہ شدہ گرانی الاونس رقم کی ادائیگی سرکاری ملازمین اساتذہ ورکرس اور پنشنرس کو ماہ نومبر کی تنخواہ سے نقد ادا کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی سرکاری ملازمین اساتذہ ورکرس اور پنشنرس کو فی الوقت 30,392 فیصد گرانی الاونس ادا کیا جارہا ہے اور اب اضافہ شدہ گرانی الاونس 3.144 فیصد کو ملاکر جملہ 33.536 فیصد گرانی الاونس کی رقم ماہ نومبر کی تنخواہ کے ساتھ ادا کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اضافہ شدہ گرانی الاونس ضلع و منڈل پریشد گرام پنچایتوں ، میونسپالٹیز ، میونسپل کارپوریشن ، زرعی مارکٹ کمیٹیوں ضلع گرندھالیہ سمستھا ملازمین کے علاوہ یونیورسٹی ملازمین کیلئے قابل عمل ہوگا ۔ علاوہ ازیں فل ٹائم کانٹنجنٹ ایمپلائیز کو دیا جانے والا معاوضہ ( تنخواہ ) تازہ فیصلہ کی روشنی میں 3850 روپئے ہے ۔ بڑھ کر اب 6700 روپئے ہوجائے گا اور یو جی سی تنخواہیں حاصل کرنے والے تدریسی و غیر تدریسی اسٹاف ، ایڈیڈ کالجوں کے لکچررس کو بھی اضافہ شدہ گرانی الاونس ادا کیا جائے گا ۔ مزید بتایا جاتا ہے کہ وی آر ایز ، پارٹ ٹائم اسسٹنٹس کو 2019 جنوری سے کم از کم 100 روپئے کا اضافہ کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ فینانس مسٹر راماکرشنا راؤ نے جی او نمبر 88 جاری کیا ہے ۔