اساتذہ بحالی کے سلسلے میں نتیش کا اعلان انتخابی جملہ :آر جے ڈی

   

پٹنہ، 16 جولائی (یواین آئی) بہار راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ترجمان چترنجن گگن نے آج وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ٹیچر بحالی امتحان (ٹی آر ای) 4 کے انعقاد کے اعلان کو انتخابی جملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر کمار ابھی تک محکمہ تعلیم سے آسامیوںکا ڈیٹا ہی مانگ رہے ہیں جبکہ حکومت کے پاس آسامیوںکا ڈیٹا پہلے سے ہی دستیاب ہے ۔ چترنجن نے کہا کہ بہار میں اساتذہ کے تین لاکھ سے زیادہ عہدے خالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اساتذہ کی بھرتی کے لیے وزیر اعلیٰ کی نیت صاف ہے تو انہیں فوری طور پر ڈومیسائل کے ساتھ بھرتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوگا اور عظیم اتحاد حکومت کے وقت کی رفتار سے بھرتی کا عمل شروع کرنا ہوگا جو اس قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی حکومت میں کسی بھی حالت میں ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ ٹی آر ای3 کا عمل 20 ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا ہے ۔آر جے ڈی کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو ٹیچر بھرتی کے لئے ٹی آر ای 4 اب اچانک اس وقت یاد آگیا جب اسمبلی انتخابات قریب ہیں۔