اساتذہ تقررات کیلئے فروری میں میگا ڈی ایس سی ایک سال میں دو لاکھ تقررات: وینکٹ ریڈی

   

حیدرآباد ۔18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں اساتذہ کے تقررات کے لئے فروری میں میگا ڈی ایس سی کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے مطابق ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی امتحانات کے ذریعہ اساتذہ کے مختلف زمرہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یونین پبلک سرویس کمیشن کی طرز پر تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن سرکاری محکمہ جات کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کیا۔ کانگریس پارٹی نے ایک سال میں دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات میں امدادی رقم کے اضافہ اور ایک تولہ سونے کی تقسیم کے مسئلہ پر کابینہ میں قواعد کو طئے کیا جائے گا۔ سابق میں اسکیم سے استفادہ کیلئے عوام کو ارکان اسمبلی کے گھر کے چکر کاٹنے پڑتے تھے لیکن کانگریس دور حکومت میں ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ حکومت اندرون 100 دن 6 ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔ 1