7 نومبر تک ووٹر لسٹ میں نام درج کروانے کی سہولت ، نارائن پیٹ میں اجلاس سے کلکٹر کا خطاب
نارائن پیٹ۔ 20 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تمام گریجویٹ اہل اساتذہ 7 نومبر تک ایم ایل سی ووٹر لسٹ میں اپنے نام درج کرالیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر نارائن پیٹ کوپا سری ہرشا آئی اے ایس نے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں نارائن پیٹ ضلع کے اساتذہ تنظیموں کے صدور و سیکریٹریز کے ساتھ ایک اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹر لسٹ میں آن لائن اور آف لائن درخواست دینے کی آخری تاریخ 7 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فہرست کی جانچ کیلئے ضلع میں 180 ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست ان کے مستقل پتہ کی بنیاد پر دی جانی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ نارائن پیٹ ضلع سے نام درج کرنے کیلئے کم از کم یکم نومبر 2016ء سے 31 اکتوبر 2022ء تک چھ سال کی مدت میں کم از کم 3 سال یہاں کام کرنا ضروری ہے۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں میں کام کرنے والے تمام اساتذہ و لیکچررس، جو اسسٹنٹ کے عہدے کیلئے مساوی تعلیمی قابلیت رکھتے ہیں، اساتذہ کے زمرے میں اندراج کے اہل ہوں گے۔ ضلع کے تمام اساتذہ ووٹر رجسٹریشن پروگرام کو ترجیح دیں اور جمہوری طریقے سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر آف ریوینیو پدمجا رانی، آر ڈی او رامچندر نائیک، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر گووند راجولو، تحصیلدار، مختلف اساتذہ، تنظیموں اور انجمنوں کے صدور و سیکریٹریز نے شرکت کی۔