نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اساتذہ سے ملک کے نوجوانوں کو مقامی ورثہ، تاریخ اور ثقافت کے ساتھ ساتھ سائنس اور ٹکنالوجی بالخصوص ری سائیکلنگ سے واقف کرانے کی اپیل کی ہے۔ یوم اساتذہ کے موقع پر، وزیر اعظم نریندر مودی نے 7، لوک کلیان مارگ میں نیشنل ٹیچرز ایوارڈ 2023 کے فاتحین سے بات چیت کی۔ اس بات چیت میں 75 ایوارڈ یافتگان نے حصہ لیا۔وزیر اعظم نے ملک کے نوجوان ذہنوں کی پرورش میں اساتذہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اچھے اساتذہ کی اہمیت اور ملک کی تقدیر سنوارنے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بچوں کو نچلی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والوں کی کامیابی کے بارے میں تعلیم دے کر ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔