اساتذہ کی ترقی و تبادلے کا مطالبہ

   


ضلعی سطح پر 9 فروری کو دھرنا، پی آر ٹی یو کا اجلاس

نظام آباد۔ ریاست تلنگانہ کی نمائندہ تنظیم PRTU کی ریاستی عاملہ کا اجلاس زیر صدارت ریاستی صدر شری پال ریڈی منعقد ہوا۔ تنظیم کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ ریاستی جنرل سکریٹری بی کملاکر راؤ نے پیش کی۔ اس اجلاس کو ٹیچرس ، ایم ایل سیز، جناردھن ریڈی ، رگھوتم ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے انتظار میں سینکڑوں ٹیچرس وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ اگر حکومت جلد از جلد ٹیچرس کی ترقی کا شیڈول جاری نہیں کرتی ہے تو 9 فروری کو ضلعی سطح پر دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے پی آر سی میں 45 فیصد فٹمنٹ دینے کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا۔ ٹیچرس ایم ایل سیز نے لنگویج پنڈتوں کی جائیدادوں کو اَپ گریڈ کرنے اور ان کو ترقی دینے کے ساتھ ماڈل اسکولس اور کے جی بی وی اسکولس کے ٹیچرس کے مسائل کی یکسوئی کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیچرس کے بین ضلعی تبادلے کرنے کیلئے اس اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ ضلع نظام آباد کے پی آر ٹی یو ضلعی صدر ای شنکر اور جنرل سکریٹری پی جالندھر نے مذکورہ دھرنا اور ریالی پروگرام کو کامیاب بنانے تمام ٹیچرس سے اپیل کی ہے۔