حاضری کا جدید عصری نظام عنقریب تمام سرکاری اسکولوں میں روشناس کیا جائے گا ، مخالفت ناقابل برداشت
حیدرآباد۔11جولائی(سیاست نیوز) محکمہ تعلیم حکومت تلنگانہ نے ایک مرتبہ پھر سے ریاست تلنگانہ میں اساتذہ کی حاضری کو بہتر بنانے کے لئے چہرہ شناس ایپ کے ذریعہ حاضری کے اقدامات کی منصوبہ بندی شروع کی ہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جلد ہی تجرباتی اساس پر اس پراجکٹ کو شروع کردیا جائے گا اور اس مرتبہ اگر اساتذہ برادری کی جانب سے اس پراجکٹ کی مخالفت کی جاتی ہے تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے بائیومیٹرک حاضری نظام کے علاوہ فیشیل رکیگنیشن کے حاضری نظام کو متعارف کروانے کی گذشتہ 3برسوں سے کوشش کی جا رہی ہے لیکن اساتذہ کی تنظیموں کی جانب سے کئے جانے والے اعتراضات کی بنیاد پر اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے میں دشواریاں آنے لگی تھیں لیکن اب کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کے محکمہ تعلیم نے تعلیمی سال 2025-26 کے دوران چہرہ شناس سافٹ ویئر کے ذریعہ حاضری کے نظام کو لازمی قرار دینے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں اور اس پر عمل آوری کے لئے منصوبہ بندی کی جاچکی ہے۔ذرائع کے مطابق تلنگانہ کے بعض اضلاع میں موجود سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے لئے اس حاضری نظام کو متعارف کرواتے ہوئے تجرباتی عمل کو مکمل کرلیا گیا ہے اور جلد ہی اسے ریاست کے تمام اضلاع میں روشناس کروائے جانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں اساتذہ کی تنظیموں کی جانب سے بائیومیٹرک اور فیشیل رکیگنیشن حاضری نظام کی مخالفت کے بعد اس منصوبہ کو ترک کیا گیا تھا لیکن جاریہ سال سے حکومت نے عصری حاضری نظام کو روشناس کروانے کی منصوبہ بندی کی ہدایت دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ کابینہ کے اجلاس میں سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے نئے حاضری نظام کو منظوری دیتے ہوئے اسے لازمی طور پر قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہناہے کہ اساتذہ کی تنظیمو ںکی جانب سے اس حاضری نظام کی مخالفت کوئی نئی بات نہیں ہے اور اساتذہ کے دباؤ میں پیشرو حکومتوں کی جانب سے اسے قابل عمل نہیں بنایا جاسکا تھا لیکن اب ریاستی حکومت سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی حاضری اور سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے معاملہ میں کسی بھی طرح کی کوتاہی کو برداشت کرنے کے حق میں نہیں ہے اسی لئے کہا جا رہاہے کہ جاریہ تعلیمی سال سے نئے حاضری نظام پر عمل آوری کے معاملہ میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تلنگانہ کے تمام سرکاری اسکولوں میں اسے روشناس کروانے کے لئے ریاستی کابینہ کی جانب سے منظوری دیتے ہوئے اس پر عمل کروایا جائے گا۔3