اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر ترقی و تبادلے کا مطالبہ

   


ریاستی چیف سکریٹری کو ٹیچرس تنظیم پی آر ٹی یو نظام آبادکے وفد کی یادداشت

نظام آباد۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع پریشد اور سرکاری ہائی اسکولس میں سینکڑوں اسکول اسسٹنٹ کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور ریاست کے کئی ایسے اسکولس ہیں جہاں پر طلباء کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ٹیچرس کی شدید کمی ہے جس کی وجہ سے طلباء کی تعلیم شدید متاثر ہورہی ہے۔ اسرار احمد صدر PRTU ساؤتھ اربن نظام آباد نے بتایا کہ اس خصوص میں ٹیچرس کی نمائندہ تنظیم پی آر ٹی یو کے ریاستی صدر شری پال ریڈی ، جناردھن ریڈی اور رگھوتم ریڈی کے ہمراہ ایک تفصیلی یادداشت ریاستی چیف سکریٹری کو پیش کی اور اس بات کا مطالبہ کیا کہ اسکول اسسٹنٹ کی مخلوعہ جائیدادوں پر ترقی دی جائے تاکہ مضمون واری ٹیچرس کی کمی دور ہوسکے۔ ریاست میں ترقی کا عمل گذشتہ پانچ برسوں سے رکا ہوا ہے ، اس یادداشت میں اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ شوہر اور بیوی جو کہ مختلف اضلاع میں خدمات انجام دے رہے ہیں جس سے ان ملازمین کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بین ضلعی تبادلے کئے جائیں اور KGBV کے علاوہ آدرش اسکول میں خدمات انجام دینے والے ٹیچرس کے مسائل کی یکسوئی کے لئے بھی نمائندگی کی گئی اور مشترکہ اضلاع کے ٹیچرس کے تبادلے کئے جائیں۔ اسرار احمد نے بتایا ہے کہ اس خصوص میں چیف سکریٹری نے یونین کے قائدین کو اس بات کا تیقن دیا ہے کہ وہ ان تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے ممکنہ اقدامات کریں گے۔