محکمہ تعلیم سے وضاحت باقی، طلبہ اور اولیائے طلبہ پُرامید
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر راست تقررات کے اعلان میں جن محکمہ جات کا تذکرہ شامل ہے ان میں ثانوی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم شامل ہیں لیکن اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں تجسس باقی رہا۔ چیف منسٹر کے سی آر کے تحریری بیان میں محکمہ جات اور ان کی مخلوعہ جائیدادوں کا تذکرہ کیا گیا۔ سب سے زیادہ تقررات محکمہ داخلہ میں کئے جائیں گے۔ کانسٹبل اور ایس آئی کی 18334 جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا گیا۔ تعلیم کے تحت سیکنڈری ایجوکیشن میں 13086 اور ہائیر ایجوکیشن میں 7878 مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ۔ ان میں اساتذہ کی جائیدادیں کتنی ہیں اس بارے میں وضاحت باقی ہے۔ پرائمری ایجوکیشن کے تحت 10 ہزار اور ہائیر ایجوکیشن میں 2 ہزار سے زائد جائیدادوں کے مخلوعہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس اعتبار سے اساتذہ کی 12000 جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن کی اجرائی کی امید کی جارہی ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹیچر ریکروٹمنٹ ٹسٹ کے ذریعہ 8792 جائیدادوں کو پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ بھرتی کیا گیا۔2017 میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ اب جبکہ کے سی آر نے 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا ہے لہذا محکمہ تعلیم سے وابستہ افراد اور طلبہ و اولیائے طلبہ کو اساتذہ کے تقررات کی امید ہے۔ ر