بھونیشور: اساتذہ کی ہڑتال پر اپوزیشن کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اوڈیشہ قانون ساز اسمبلی کا وقفہ سوالات منگل کو مسلسل دوسرے دن بھی ملتوی کرنا پڑا۔ ایوان کی کارروائی 11.30 بجے ہی ملتوی کرنی پڑی۔ آج جیسے ہی وقفہ سوالات کے لیے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی کے اراکین ایوان کے بیچ میں آگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ منگل کو تیسرے دن میں داخل ہوچکی اساتذہ کی ہڑتال پر اسپیکر بی کے اروکھ کے فیصلے پر حکومت کا جواب طلب کرنے کے لئے کانگریس کے اراکین اسپیکر کے پوڈیم کی طرف بڑھے اور پارٹی کے ایم ایل اے تاراپرساد بہنی پتی ایک کرسی پر کھڑے ہو گئے ۔ اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی کے ارکان کے کارروائی میں خلل ڈالنے پر اسپیکر کو پیر کو وقفہ سوالات کے دوران دو بار ایوان کو ملتوی کرنا پڑا۔ اسپیکر کو تعطل کے حل کے لیے آل پارٹی اجلاس بلانا پڑا۔