اساتذہ کے ترقی و تبادلے میں شفافیت ضروری

   

نارائن پیٹ میں محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کا اجلاس، ضلع کلکٹر کا خطاب

نارائن پیٹ 22 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ تعلیمات ضلع نارائن پیٹ کے اساتذہ کے ترقی و تبادلے میں شفافیت پیدا کرنے کے لئے ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا آئی اے ایس نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر نارائن پیٹ جناب محمد عبدالغنی و محکمہ تعلیمات کے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس ضلع کلکٹریٹ میں منعقد کیا۔ انھوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ترقی و تبادلوں میں کسی قسم غلطی نہ ہونے پائے اور اگر غلط سرٹیفکٹ یا غلط معلومات فراہم کرکے ناجائز فائدہ اُٹھاتا ہے تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی تاکہ تبادلے و ترقی میں شفافیت پیدا کی جائے۔ خصوصی زمرے سے متعلق سرٹیفکٹ کی جانچ خود ضلع کلکٹر ہی کریں گے۔ شکایت کنندگان کی شکایات کی فوری سماعت کی جائے اور اس کے تدارک کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ سینیاریٹی کی بنیاد پر ہی ترقی و تبادلے میں امتیاز کیا جائے گا۔ غلط طریقہ سے اس طریقہ کار میں خلل ڈالنے والوں اور سفارشات اور غلط سرٹیفکٹ اور غلط معلومات فراہم کرکے اس میں کسی قسم کی دھاندلی نہ کی جائے تاکہ شفاف طریقہ سے ترقی و تبادلوں کا عمل ضلع میں مکمل کیا جاسکے ورنہ اس میں خلل ڈالنے سے خوامخواہ کے اس عمل کو مکمل کرنے میں غیرمعمولی تاخیر ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جناب عبدالغنی، سپرنٹنڈنٹ مسٹر نرسمہا ریڈی، سیکٹرل حکام سرینواس یادو، ودیا ساگر، ناگارجن ریڈی موجود تھے۔