اساتذہ کے تقررات اور اسکولس میں بنیادی سہولتیں

   

آئندہ سال سے مرحلہ وار ڈی ایس سی ، وزیر تعلیم اے پی اے سریش کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد /2 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش میں آئندہ سے ہر سال ڈی ایس سی کے ذریعہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی تجویز ہے ۔ وزیر تعلیم آندھراپردیش اے سریش نے یہ بات بتائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ریاست میں تعلیم کے معیار میں بہتری پیدا کرنے پر خصوصی توجہ رکھتے ہیں ۔ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے مخلوعہ جائیداد کسی بھی اسکول میں دینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیر تعلیم نے اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ محض چیف منسٹر کی محکمہ تعلیم سے خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں حالیہ دنوں تمام سرکاری مدارس میں پیرنٹس کمیٹیوںکے انتخابات منعقد کروائے گئے ۔ علاوہ ازیں ریاست کے تمام مدارس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بہت جلد ریاستی سطح پر ’’ منابڈی ، منابادھیتہ ‘‘ ( ہمارا اسکول ، ہماری ذمہ داری ) پروگرام کو روبہ عمل لایا جائے گا ۔ وزیر نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعہ تمام مدارس میں پینے کے پانی کی سہولت ، بیت الخلاؤں کی تعمیر ، طلباء کو پڑھانے کیلئے پبلک بورڈز کی تنصیب مدارس کیلئے باؤنڈری والس کی تعمیر جیسے کام انجام دئے جائیں گے ۔ اے سریش نے کہا کہ ریاست بھر میں ہر ماہ پہلے اور تیسرے ہفتہ کو ’’ نوبیاگ ڈے ‘‘ ( کتابوں کے بیاگ کے بغیر ) کے طور پر مناتے ہوئے طلباء و طالبات میں پائی جانے والی صلاحیتوں کو ابھارنے کے پروگرامس منعقد کرنے کی عہدیدار تعلیمات کو ہدایات دی گئی ہیں ۔