ایس ٹی یو کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب سے وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ استاد بادشاہ نہیں ہوتا مگر اپنے شاگردوں کو بادشاہ ضرور بناتا ہے ۔ اچھے ٹیچرس کی پہچان اس کے شاگردوں کی کامیابی ہوتی ہے ۔ کسی بھی ملک و ریاست کی ترقی کا دار و مدار وہاں کی تعلیم پر منحصر ہوتا ہے ۔ ایس ٹی یو ، ٹی ایس کے ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے موقع پر اسٹیٹ ٹیچرس یونین تلنگانہ اسٹیٹ ضلع حیدرآباد کے زیر اہتمام وی ایس ٹی کارمیکا بھون باغ لنگم میں منعقدہ ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ صدر ضلع حیدرآباد ایس ٹی یو محمد افتخار الدین نے اس تقریب کی صدارت کی ۔ رکن اسمبلی ایم گوپال تلنگانہ سی پی آئی کے اسٹیٹ سکریٹری کے سامبا شیوا راؤ تلنگانہ ایس ٹی یو کے صدر جی سدانندم گوڑ جنرل سکریٹری پراوت ریڈی ، بی بھوجنگا راؤ سابق صدر ، ایم نرسمہا ریڈی ضلع حیدرآباد ایس ٹی یو کے جنرل سکریٹری کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ جناب محمد محمود نے کہا کہ انہیں ایس ٹی یو کے ڈائمنڈ جوبلی تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے کافی مسرت ہورہی ہے ۔ جس کے بانی مخدوم محی الدین تھے ۔ پروفیسر جئے شنکر بھی ایس ٹی یو سے وابستہ رہے ہیں ۔ ایس ٹی یو کے کالوجی نارائن راؤ گریجویٹ کوٹہ سے کونسل کو منتخب ہوئے ۔ واحد ٹیچرس یونین تھی جس نے 1969 کی علحدہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا تھا ۔ تلنگانہ حکومت سرکاری اسکولس میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے خانگی اسکولس کے طلبہ سرکاری اسکولس میں داخلہ لے رہے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے بچوں کے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بھی اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں ، بچوں کو سوشیل میڈیا سے دور رکھیں ۔ صدر ایس ٹی یو ضلع حیدرآباد محمد افتخار الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی تقاریب منانے والی ایس ٹی یو واحد ٹیچرس تنظیم ہے ۔ جس کے بانی مشہور شاعر مخدوم محی الدین تھے ۔ ایس ٹی یو کو 1969 کے تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے کا اعزاز حاصل ہے ۔ اس کے کئی قائدین جیل بھی گئے اور ایس ٹی یو کی مسلمہ حیثیت کو ختم کردیا تھا بعد میں جدوجہد کرتے ہوئے اس کی مسلمہ حیثیت کو بحال کردیا گیا ۔ ایس ٹی یو تنظیم نے ہمیشہ ٹیچرس کے مسائل ، اسکولس اور طلبہ کے مسائل پر آواز اٹھائی ہے ۔ انہوں نے طویل عرصے سے زیر التواء ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقی پر خصوصی توجہ دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔۔ ن