استاد بڑے غلام علی خاں کے مقبرہ کی آہک پاشی،یوم پیدائش و برسی کے موقع پر خراج پیش کرنے کی تیاری

   

حیدرآباد۔ استاد بڑے غلام علی خان کی پیدائش اور برسی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے مقبرہ کی آہک پاشی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی نگرانی میں کئے جارہے کاموں کے سلسلہ میں مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق نے اپنے ٹوئیٹر پر آہک پاشی کے کاموں کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ استاد بڑے غلام علی خان کو خراج عقیدت کے لئے ان کے مقبرہ کی خوبصورتی اور آہک پاشی کے اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ استادبڑے غلام علی خان کا مقبرہ دائرہ حضرت میر مومن ؒ میں واقع ہے ۔ مسٹر اروند کمار نے اپنے ٹوئیٹ میں استاد بڑے غلام علی خان کی 2اپریل کو پیدائش اور 25 اپریل کو وفات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 1968میں استاد بڑے غلام علی خان کا انتقال ہوا تھا اور وہ پرانے شہر میں واقع دائرہ میر مومن ؒ میں دفن کئے گئے تھے ان کی خدمات اور ان کے فن کو خراج پیش کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے مقبرہ کی آہک پاشی کے کامو ںکو انجام دیا جا رہاہے۔استاد بڑے غلام علی خان نے ملک کی تقسیم کے بعد پاکستان سے ہندوستان منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے شہر حیدرآباد کو اپنے مستقل سکونت کے طور پر اختیار کیا جبکہ وہ پاکستان سے ہندوستان منتقل ہونے کے بعد ملک کے کئی شہروں میں قیام کرچکے تھے جن میں ممبئی اور دیگر شہر شامل ہیں۔ استاد بڑے غلام علی خان نے اپنی زندگی میں اپنے فن کے ذریعہ ہر کسی کو متاثر کیا اور شائقین موسیقی و گائیکی کے لئے آج بھی استاد بڑے غلام علی خان کا نام بھی استاد کی اہمیت کا حامل ہے اور بڑے غلام علی خان کو ہر فنکار قدر و منزلت سے دیکھتا ہے اور ان کا احترام کرتا ہے ۔