استعفیٰ جیب میں لے کر گھوم رہا ہوں : ہریش رائو

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی ناقابل بھروسہ ، لوک سبھا انتخابات میں بی آرایس کا شاندار مظاہرہ ہوگا
حیدرآباد :4؍ مئی ( سیاست نیوز) بی آرایس کے سینئر رکن اسمبلی سابق وزیر ہریش رائو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے چیلنج کو قبول کرنے کا پھر ایک مرتبہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس کی حکومت 15؍ اگست تک کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک کا قرض اور 6 گیارنٹی پر عمل کرتی ہے تو وہ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ سدی پیٹ میں ایک جلسہ عام منعقد کرکے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تہنیت پیش کریں گے ۔ ہریش رائو نے کہا کہ سدی پیٹ کو پہنچ کر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مجھے (ہریش رائو) کو استعفیٰ جیب میں رکھ لینے کا مشورہ دیا ہے 15؍ اگست تک کسانوں کے قرض معاف کرنے کے بعد استعفیٰ اسپیکر اسمبلی کو بھیجادینے کا مشورہ دیا۔وہ چیف منسٹر کے چیلنج کو قبول کررہے ہیں اگر وعدہ کے مطابق چیف منسٹر 15؍ اگست تک کسانوں کے 2لاکھ روپئے تک کا قرض اور 6 ضمانتوں پر عمل کرتے ہیں تو وہ مستعفی ہوجائیں گے بصورت دیگر ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوجانے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ ہریش رائو نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں عوام سے بڑے بڑے وعدہ کئے ۔ ریونت ریڈی نے9؍ ڈسمبر کو ہی کسانوں کے قرض معاف کردینے اور 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کا وعدہ کیا ۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد ان وعدوںسے انحراف کرتے ہوئے 100 دن میں تمام وعدے پورے کرنے کا اعلان کیا۔تقریباً5 ماہ ہوگئے ہیں لیکن حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے پھر ایک بار چیف منسٹر لوک سبھا انتخابات میں عوام کو گمراہ کرنے کیلئے 15؍ اگست کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کررہے ہیں جس پر عوام کو ہرگز بھروسہ نہیں۔ انہیں یقین ہے لو ک سبھا انتخابات میں بی آرایس پارٹی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد ریاست کی سیاسی صورتحال تبدیل ہوجائے گی بی آرایس کے سربراہ کے سی آر اہم رول ادا کریں گے ۔2