استنبول:طیارہ اترتے ہوئے رن وے سے پھسل کرٹوٹ گیا

,

   

تین حصوں میں تقسیم،120 مسافر زخمی
استنبول ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے صبیحہ گوکچین ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ رن وے سے پھسل کر ایک سڑک پر الٹ گیا ہے اور پھر تین حصوں میں بٹ گیا ہے۔ترک حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں 120مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ٹیلی ویڑن کی فوٹیج کے مطابق طیارے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔اس کا پہلا ،درمیانی اور آخری حصہ الگ الگ بٹا ہوا نظر آرہا ہے۔ مسافروں کو طیارے میں پڑنے والے شگاف سے نکالا جارہا تھا۔این ٹی وی ٹیلی ویڑن نے اطلاع دی ہے کہ طیارے کو رن وے پر پھسلنے کے بعد آگ لگ گئی تھی لیکن اس پر جلد قابو پا لیا گیا ہے۔یہ طیارہ پیگاجس ائیرلائنز کا ملکیتی ہے اور یہ ازمیر شہر سے استنبول آیا تھا۔ترکی کی ٹرانسپورٹ کی وزارت نے کہا ہے کہ طیارے میں 177 مسافر سوار تھے اور ان سب کی جانیں محفوظ رہی ہیں۔این ٹی وی ٹیلی ویڑن نے ٹرانسپورٹ کے وزیر محمد جاہت طرحان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اس حادثے میں بعض مسافر زخمی ہوئے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ہنگامی خدمات کے عملہ نے بعض مسافروں کو طیارے کیٹوٹے ہوئے درمیانی حصے سے نکالا ہے لیکن زیادہ تر مسافر خود ہی اس ٹوٹے طیارے سے نکل آئے تھے۔