استنبول میں فلسطین کی حمایت میں ریلی، پانچ لاکھ افراد شریک

,

   

Ferty9 Clinic

’’ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے ، ہم خاموش نہیں رہیں گے ، ہم فلسطین کو نہیں بھولیں گے ‘‘

استنبول، یکم جنوری (یو این آئی) ہیومنٹی الائنس اور نیشنل ول پلیٹ فارم کے زیراہتمام تقریباً 520,000 افراد نے جمعرات کے روز نئے سال کی پہلی صبح استنبول کے گالاتا پل پر فلسطین کے حق میں ایک بڑی ریلی نکالی۔ اس مظاہرے میں 400 سے زائد شہری تنظیموں نے شرکت کی اور اسے ترک یوتھ فاؤنڈیشن (ٹی یو جی وی اے ) کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔ اس ریلی کا نعرہ کچھ یوں تھاکہ ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے ، ہم خاموش نہیں رہیں گے ، ہم فلسطین کو نہیں بھولیں گے ۔ اس ریلی سے قبل شہریوں نے شہر کی بڑی مساجد میں فجر کی نماز سے قبل اجتماع کیا، جن میں آیا صوفیہ جامع مسجد کبیرہ ، سلطان احمد، فاتح، سلیمانیہ اور امین اونو مسجد شامل تھیں۔ کئی افراد نے مساجد کے صحنوں میں جمع ہو کر ترک اور فلسطینی پرچم اٹھائے اور فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ سرد موسم کے باوجود لوگوں کی ایک کثیر تعداد یکجا ہوئی۔ خاص طور پر سلطان احمد اسکوائر کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ، جہاں شرکاء کو گرم مشروبات بھی فراہم کیے گئے ۔ نمازِفجر کے بعد مظاہرین پیدل گالاتا پل کی طرف مارچ کرتے ہوئے گئے ، جن میں وزراء، اعلیٰ عہدیدار اور سرکاری پروٹوکول کی شخصیات بھی شامل تھیں۔ پروگرام باضابطہ طور پر مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے شروع ہوا۔ مرکزی پریس پلیٹ فارم کے پیچھے ایک عمارت پر مرحوم فلسطینی کارٹونسٹ ناجی العلیٰ کے تخلیق کردہ علامتی کردار”حنظلہ” کا ایک بڑا بینر آویزان کیا گیا ، جسے تحریکِ فلسطین کے ساتھ گہرا منسلک سمجھا جاتا ہے ۔ تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکاروں اور موسیقاروں کے مظاہرے بھی شامل تھے ، جن میں لبنانی-سویڈش گلوکار ماہِر زین، ترک فنکار ایساط کابکلی اور بینڈ گروپ یورو یُوش شامل تھے ۔ ریلی کے دوران پریس کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ، علم یایما فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین اور ٹی یو جی وی اے کے ہائی ایڈوائزری بورڈ کے رکن بلال ایردوان نے کہا کہ نیا سال فلسطین کیلئے دعاوں کے ساتھ شروع ہوا ہے اور سال نو کی پہلی صبح مساجد میں جمع ہونا ایک مضبوط روحانی حیثیت کا حامل ہے ۔ اردغان نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ سال 2026 پوری قوم اور مظلوم فلسطینی بھائی بہنوں کیلئے نیکی کا پیام لے کر آئے ۔ اردغان نے کہا کہ انشاء اللہ، قادرِ مطلق اس قوم کو اس موقف کو اس سال فخر کرنے کی خوشی عطا فرمائے ، ہمارے فلسطینی بھائی بہنوں کو آزادی دے اور ہمیں القدس کی آزادی نصیب فرمائے ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ٹی یو جی وی اے کے چیئرمین ابراہیم بیسنجی نے کہا کہ بڑی تعداد میں شرکت فلسطین میں جاری تشدد کے خلاف اجتماعی اخلاقی مؤقف کی عکاسی کرتی ہے ۔ بیسنچی نے کہاکہآج یہاں لاکھوں لوگ موجود ہیں۔ ایک باعزت قوم اس نسل کشی کے خلاف کھڑی ہے ۔ یہاں مظلومین کی دعائیں اور ہمارے شہداء کی قربانیاں شامل ہیں۔گالاتا پل کو ضمیر وں کے ترجمان کے طور پر بیان کرتے ہوئے بیسنچی نے کہا کہ یہ مختلف شہروں، زبانوں اور طبقات کے لوگوں کیلئے ایک اخلاقی پلیٹ فارم بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم ترجمان کے سچے اور بہادر فلسطینی عوام، غزہ کے شریف فرزند، مغربی کنارے کے ثابت قدم دل اور مشرقی القدس کے حقیقی مالکان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے سلام بھیجتا ہوں۔