استنبول ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے اسلامک اکنامکس اینڈ فائنانس کی 12 ویں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک انتہائی اہم بیان دیا کہ وہ استنبول کو اسلامی فائنانس اور معاشیات کا مرکز بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ یاد رہیکہ اردغان حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے (اے کے پی) کے صدرنشین بھی ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کی مہلک وباء کی وجہ سے دنیا ایک نئے دور میں داخل ہوگئی ہے جہاں اب طرز زندگی نمایاں طور پر تبدیل ہوگیا ہے۔ کوروناوائرس سے بچنے کیلئے ہم نے مؤثر اقدامات کئے اور یہی وجہ ہے کہ ترکی ایک ایسا ملک ہے جہاں کوروناوائرس کے نقصانات بہت کم ہوئے۔ اردغان نے کہا کہ کوروناوائرس سے پیدا ہوئے حالات کو غنیمت جانتے ہوئے انشاء اللہ آنے والے دنوں میں استنبول کو اسلامی فائنانس اور معاشیات کا مرکز بنادیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے ترکی نے بین الاقوامی ایجنسیوں کی امداد پر انحصار نہیں کیا بلکہ اپنی مدد آپ کے تحت اٹھ کھڑا ہوا۔ انہوں نے ان کریڈٹ ایجنسیوں کے شبہات کو مسترد کردیا جنہوں نے کہا تھا کہ کوروناوائرس بحران میں ترکی کی معیشت کمزور پڑ جائے گی۔