اسد اویسی کے بشمول 7 ایم پیز کو آئی فون ہیکنگ کا شبہ

   

الرٹ دنیا کے 150 ممالک میں جاری کیا گیا ۔ کمپنی کی وضاحت ۔ مرکز نے رپورٹ طلب کی
حیدرآباد ۔ 31 اکتوبر (سیاست نیوز) ملک کی پانچ ریاستوں میں انتخابی موسم کے پس منظر میں ہر سیاستداں تشہیر کیلئے چھوٹے سے چھوٹا موقع نہیں گنوانا چاہتے اور سرخیوں میں رہنے کی کوشش میں ہیں۔ 31 اکتوبر کو اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے 7 ارکان پارلیمنٹ بشمول حیدرآباد رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے ایپل آئی فون کو ہیک کرنے کوشش کی جارہی ہے لیکن ایپل کمپنی نے اس دعوے کو غلط قرار دے کر یہ وضاحت کی ہے کہ ہندوستان کے آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کو مخصوص الرٹ جاری نہیں کیا گیا بلکہ 150 ممالک میں یہ الرٹ دیا گیا تھا۔ منگل کی صبح ملک کے مشہور سیاسی قائدین شیوسینا کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی، کانگریس کی مہوا موئترا، کانگریس کے ششی تھرور، سی پی آئی ایم کے سیتا رام یچوری و مجلس کے اسد الدین اویسی نے بھی ایپل فون کے الرٹ پر فون ہیکنگ کا خدشہ ظاہر کیا۔ اسد اویسی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ انہیں ایپل کمپنی سے الرٹ موصول ہوا ہے جس میں ان کے فون کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اطلاع دی گئی۔ اس پس منظر میں اسد الدین اویسی نے اپنے پیام میں کہا کہ ’خوب پردہ ہے کہ چلمن سے لگے بیٹھے ہیں، صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں‘ سیاسی قائدین الرٹ پر تشویش ظاہر کرنے پر مرکزی حکومت حرکت میں آگئی اور مرکزی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اشونی ویشنو نے فون ہیکنگ کی اطلاعات کو مسترد کرکے انہیںغلط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایپل کمپنی سے یہ واضح کردیا گیا کہ 150 ممالک میں یہ الرٹ جاری کیا گیا تھا جو فرضی تھا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک کی سیکوریٹی ایجنسیز معاملہ کی تحقیقات کرینگی اور اس پر رپورٹ طلب کی گئی ہے۔