اسرائیلی آئیل ٹینکر پر ڈرون حملہ یمن سے کیا گیا: پنٹگان

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع پنٹگان نے کہا ہے کہ اسرائیلی آئل ٹینکر مرسراسٹریٹ پر یمن سے ڈرون حملہ کیا گیا تھا۔ پینٹاگون کی ترجمان ڈانا اسٹرول نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی ٹینکر پر ایرانی ساختہ ڈرون سے حملہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حوثی ملیشیا یمن سے سعودی عرب اور دوسرے علاقوں کی جانب ڈرون حملے کررہی ہے۔ ایران خطے میں دہشت گرد تنظیموں، غیرریاستی عناصر اور ملیشیاو?ں کو مسلح کررہا ہے۔ ان تمام سرگرمیوں کا مقصد خطے میں ان حکومتوں اور شراکت داروں کو نقصان پہنچانا ہے جن کے ساتھ مل کر ہم کام کرنا چاہتے ہیں۔ پنٹگان کی ترجمان نے کہا کہ رواں سال کے دوران میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں سعودی عرب کی جانب زیادہ حملے نوٹ کیے گئے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرخارجہ انتھونی بلنکن نے اپنے بیان میں ایران پراسرائیلی مرسر اسٹریٹ ٹینکرپر ڈرون حملے کا الزام عائد کیا تھا، جب کہ ایران نے اس کی تردید کی تھی۔ 30 جولائی کو عمان کی آبی حدود میں ایک ڈرون اس ٹینکر جا ٹکرایاتھا،جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے 2ارکان ہلاک ہوگئے تھے۔خبررساں اداروں کے مطابق 6ماہ کے دوران میں آئل ٹینکروں، کارگو جہازوں اور دیگر نوعیت کے جہازوں پر حملوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔