غزہ میں خود کش حملہ ،تین فلسطینی اہلکار ہلاک

,

   

Ferty9 Clinic

غزہ،29اگست(سیاست ڈاٹ کام) غزہ میں رات گئے ہونے والے 2 خود کش حملوں کے نتیجے میں 3 فلسطینی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جس کے بعد علاقہ میں سیکورٹی سخت کردی گئی ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں پولیس کی دو چیک پوائنٹس پر دو بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جن کی شناخت کرلی گئی ہے ۔ذائع نے حماس کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے ۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے حملہ آوروں کی شناخت نہیں بتائی البتہ کہا کہ ‘‘اس معاملہ کے پیچھے کون ہے اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں’’۔ دونوں واقعات کے چشم دید گواہان کے مطابق حملہ آور بائیکس پر سوار تھے ۔تحقیقات سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ حملہ کا شبہ غزہ میں داعش سے ہمدردی رکھنے والی ایک مخصوص تحریک پر ظاہر کیا جارہا ہے ۔ دوسری جانب حکام نے معاملہ کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ غزہ شہر میں نئی پولیس چیک پوائنٹس قائم کردی ہیں۔ حماس کے رہنما اسمٰعیل ہانیہ نے محصور علاقے کی 20 لاکھ آبادی میں بدامنی کے خوف کو پرسکون رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ہم اپنے لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ جیسے بھی دھماکے ہیں، ہم پہلے کی طرح صورتحال کو قابو میں کرلیں گے اور یہ ہمارے عوام کی ثابت قدمی اور استحکام کو متزلزل نہیں کرسکتے ’’۔

اسرائیلی افواج کا حماس کے ٹھکانے پر حملہ
تل ابیب / غزہ ،29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں حماس کے ٹھکانے پر حملہ کیا ہے ۔ اسرائیلی سیکورٹی فورسز نے چہارشنبہ کو یہ اطلاع دی۔ سیکورٹی فورسز نے بتایا کہ فوج نے یہ حملہ اسرائیل کی سرحد میں راکٹ داغے جانے کے واقعہ کا پتہ لگنے کے بعد کیا۔ سیکورٹی فورسز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سیکورٹی فورسز کے لڑاکا طیاروں نے شمالی غزہ میں حماس کے ٹھکانے پر حملہ کیا۔ فوج نے یہ کارروائی اسرائیلی سرحد میں راکٹ داغے جانے کے واقعہ کا پتہ لگنے کے بعد کی۔