اسرائیلی آئل ٹینکر پر مبینہ ڈرون حملہ کا ایران پرالزام، دو ہلاک

   

عمان ۔ بحیرہ عرب میں عمان کے ساحل کے قریب ایک اسرائیلی تیل ٹینکر کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا، جس میں جہاز پر سوار کم ا ز کم دو افراد مارے گئے۔ اسرائیل نے اس حملے کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔ امریکی بحریہ سے وابستہ ماہرین نے ہفتہ کے روز بتایا کہ مرسر اسٹریٹ نامی اس تیل ٹینکر پرجمعرات کے روز حملہ کیا گیا تھا۔ یہ کمرشل جہازوں پر ہونے والے حملوں میں برسوں بعد ہلاکت کا پہلا واقعہ ہے۔حالانکہ کسی نے بھی اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اسرائیلی حکام نے اس ڈرون حملہ کے لیے ایران کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ مرسر اسٹریٹ لندن میں رجسٹرڈ زوڈیئک میری ٹائم کے زیر انتظام ہے، جو اسرائیلی ارب پتی تاجر عیال اوفر کے زوڈیئک گروپ کا حصہ ہے۔