غزہ، 30 ستمبر (یو این آئی) اسرائیل نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا اعلان کرنے کے باوجود بمباری کرکے مزید 39 فلسطینیوں کو شہید کردیا، دوسری جانب حماس ٹرمپ کی جنگ ختم کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے ۔ غزہ کے نصیر ہاسپٹل کے ایک ذریعے نے بتایا کہ خان یونس میں بے گھر افراد کے ایک خیمے پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد شہید ہوئے ۔ اسرائیلی افواج نے رات بھر غزہ کی پٹی پر حملے جاری رکھے ، جبکہ غزہ شہر میں توپ خانے کی گولا باری اور النصیرات پناہ گزین کیمپ میں بھی بمباری کی اطلاع ہے ، جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے ۔ سفارتی ذرائع نے ‘الجزیرہ’ کو بتایا ہے کہ حماس کی مذاکراتی ٹیم امریکی صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے کا مطالعہ کر رہی ہے ، جو اسرائیل کی غزہ پر جنگ کو ختم کرنے سے متعلق ہے ۔
