اسرائیلی بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 86 فلسطینی شہید

   

غزہ : فلسطین میں اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی افواج نے غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 86 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے پناہ گزین اسکولوں، بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 86 سے زیادہ فلسطینی شہید جبکہ 287 زخمی ہوگئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ میں 18 مارچ سے دوبارہ شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 1 ہزار 249 تک پہنچ گئی ہے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے خاتمہ کے بعد سے اب تک 3022 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ نے کہا کہ جنگ بندی کے خاتمہ کے بعد سے دو ہفتوں میں 2 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ فلسطینی دوبارہ دربدر ہو چکے ہیں۔ سربراہ انروا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدہ توڑنے کے بعد سے روز کم از کم 100 فلسطینی بچے شہید یا زخمی ہو رہے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت یرغمالیوں کیلئے انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے جنوبی غزہ کے علاقوں سے مزید جبری بے دخلی کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار 669 سے تجاوز کر گئی ہے جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہیں۔ غزہ وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث زخمیوں کی تعداد 115225تک پہنچ گئی ہے۔