غزہ ۔ 4 فبروری (ایجنسیز) غزہ میں جنگ بندی کے تسلسل کے باوجود اسرائیل نے تباہ حال فلسطینی پٹی کے مختلف علاقوں پر بمباری کی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔چہارشنبہ کو علی الصبح اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کے نتیجے میں 9 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ غزہ شہر کے مشرقی محلوں الزیتون اور التفاح میں اسرائیلی فوج کے توپ خانے کی جانب سے شہریوں کے خیموں پر کی گئی بمباری میں ایک بچی سمیت پانچ شہری جاں بحق اور دیگر زخمی ہوئے۔اسی طرح طبی ذرائع نے اشارہ کیا کہ خان یونس شہر کے جنوب میں واقع علاقے قیزان رشوان میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنانے والی گولہ باری کے نتیجے میں چار فلسطینی جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔غزہ میں سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ جنوبی خان یونس کے علاقے قیزان ابو رشوان میں تین افراد جاں بحق ہوئے جن میں بیس کی دہائی کے دو نوجوان اور ایک 12 سالہ بچہ شامل ہے۔
ان کی میتوں کو ناصر طبی کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔یہ بمباری شہر کے مشرقی، وسطی اور جنوبی حصوں میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں کی جانب سے کی جانے والی شدید فائرنگ کے ساتھ کی گئی۔دریں اثنا اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب شمالی غزہ میں ‘یلو لائن’ کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران الیگزینڈرونی بریگیڈ (3) کی ایک فورس پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ریزرو افسر شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج کی ترجمان کیپٹن ایلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں وضاحت کی کہ اسرائیلی ٹینکوں نے مسلح افراد پر فائرنگ کی اور علاقے میں فضائی حملے کیے۔
انہوں نے مزید زور دے کر کہا کہ یہ واقعہ جنگ بندی کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر سنہ 2025 کمیں جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد کے آغاز سے اب تک 529 فلسطینی جاں بحق اور 1460 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا موقف ہے کہ وہ حماس کے مسلح ارکان اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔