اسرائیلی جارحیت خطہ کو وسیع جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے : شہزادہ فیصل

   

ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ دنیا کو مزید کشیدگی، فوجی تنازعات اور انسانی بحرانوں کا سامنا ہے۔ یہ چیز ترقی کے اہداف کو یقینی بنانے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ انھوں نے باور کرایا کہ موت اور تباہی کے ملبے پر ترقی اور خوش حالی کی تعمیر ممکن نہیں۔سعودی وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت نے انسانی مصائب کے غیر معمولی شکل کو جنم دیا ہے، یہ جارحیت خطے کو وسیع جنگ کے کنارے پر لے جا رہی ہے اور قانون اور بین الاقوامی اداروں کا اعتبار تباہ کر رہی ہے۔وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے مطابق سعودی عرب یہ موقف اٹل ہے کہ “فوری فائر بندی عمل میں لائی جائے، بنا قیود انسانی امدادوں کا پہنچنے دیا جائے، یرغمالیوں کو آزاد کیا جائے اور 1967 کی سرحد کے مطابق دو ریاستی حل کی بنیاد پر مستقل امن کی سنجیدہ پاسداری کو یقینی بنایا جائے”۔سعودی وزیر نے اپنے خطاب میں سوڈان کی صورت حال پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ سوڈان کا تنازعہ بڑے انسانی مصائب کا سبب بن رہا ہے۔
بالخصوص جبکہ ضرورت مند افراد کو انسانی امداد پہنچنے میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔سعودی وزیر خارجہ کا یہ موقف برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقد جی ٹوئنٹی ممالک کے سربراہ اجلاس کے پہلے سیشن سے خطاب میں سامنے آیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے اجلاس میں مملکت کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔