اسرائیلی جارحیت میں اضافہ3دنوں میں 6ممالک کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا

   

دوحہ : 11 ستمبر ( یو این آئی ) اسرائیل کی خطے میں بربریت نہ تھم سکی، صیہونی فوج نے صرف 3 دنوں میں 6 ممالک پر وحشیانہ فضائی حملے کیے۔اسرائیلی فوج نے گزشتہ 72 گھنٹوں میں جن ممالک کو نشانہ بنایا ان میں فلسطین، لبنان، شام، تیونس، قطر اور یمن شامل ہیں۔غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری جاری ہے اور تازہ حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک اسکول کے باہر بھی حملہ کیا، اس حملے کے بعد 7 زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ بدھ کو اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں ایک اونچی رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایاگیا۔اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز یمن کے دارالحکومت صنعا اور الجوف گورنریٹ میں فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد شہید اور 130 زخمی ہوئے ہیں۔منگل کواسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس قیادت پر حملہ کیا، اس حملے میں سینئر حماس رہنما خلیل الحیا کے بیٹے، ان کے دفتر کے ڈائریکٹر سمیت 6 افراد شہید ہوئے تاہم اس حملے میں حماس کی قیادت محفوظ رہی۔پیر کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے مشرقی لبنان کے بیکا اور ہرمیل اضلاع میں بمباری کی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ڈپو اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔پیر کی رات اسرائیلی طیاروں نے شام کے کئی مقامات پر بمباری کی، اس حملے میں حمص میں ایک فضائی اڈے اور لاتاکیہ کے قریب ایک فوجی بیریکس کو نشانہ بنایا گیا۔