اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ میں 150 ’زیر زمین اہداف‘ کو نشانہ بنایا

   

اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب شمالی غزہ میں 150 ’زیر زمین اہداف‘ کو نشانہ بنایا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہفتہ کو اسرائیل کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں دہشت گردی کی سرنگیں، زیرزمین جنگی مقامات اور زیرزمین انفراسٹرکچرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حماس کے متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔‘غزہ کی پٹی اور جنوبی اسرائیل کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ گولہ باری اور فضائی حملے آج بھی جاری ہے لیکن رات کے مقابلے میں ان کی شدت کم ہے۔ایک اور بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حماس کے فضائی حملوں کے سربراہ عاصم ابو رکابہ کو ایک کارروائی کے دوران مارا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابو رکابہ نے سات اکتوبر کے حملوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اسرائیل کی جانب سے غزہ پٹی پر شدید بمباری کے نتیجے میں انٹرنیٹ اور فون سروس کی سہولت بھی معطل ہو گئی ہے جس کے بعد وہاں رہنے والے 23 لاکھ افراد کا باقی دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ زمینی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرنے جا رہے ہیں جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ اسرائیل علاقے کا مکمل قبضہ کرنے کے قریب ہے۔