اسرائیلی حملوں کے شکار فلسطینیوں کیلئے شاہین آفریدی کا پیغام

   

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے اسرائیلی افواج کے حملوں کے شکار فلسطینی عوام سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ گزشتہ روز بھی فلسطینی شہر غزہ پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا، ان حملوں میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے کئی تربیتی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل اسرائیلی فورسز نے چہارشنبہ کو احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر آنسو گیس فائر کئے اور ہینڈ گرینیڈ کا بھی استعمال کیا جبکہ اس دوران 4 فلسطینیوں کو گرفتارکیا گیا۔ چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب درجنوں اسرائیلی فوجیوں نے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ پر یلغار کیا جبکہ اس سے قبل فورسز نے نماز فجر کیلئے آنے والوں کو مسجد میں داخلے سے روک دیا جس کے باعث سیکڑوں افراد نے مسجد اقصیٰ کے آس پاس نماز فجر ادا کی۔ اسرائیلی مظالم کے شکار فلسطینیوں سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا۔ شاہین نے لکھا کہ’’ مومن ایک جسم کی طرح ہوتے ہیں، اگر جسم کا کوئی حصہ ٹھیک نہ ہو تو سارا جسم اس تکلیف کو محسوس کرتا ہے، ہم بار بار مسجد اقصیٰ میں ہونے والے ظلم کو محسوس کر سکتے ہیں‘‘۔ پاکستانی ٹیم کے اسٹرائیک بولر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فلسطینی عوام کی مشکلات کو آسان فرمائے، آمین۔