اسرائیلی حملہ ،اسلامک جہاد کے فارس قاسم جاں بحق

   

کار میں تین فلسطینی جنگجو اور ایک حزب اللہ کا رکن بھی شہید
دمشق:اسرائیلی فوج نے ڈرون حملہ کرکے دمشق بیروت روڈ پر ایک کار پر فضائی حملہ کردیا۔ذرائع کے مطابق حملے کے وقت کار شام لبنان کی سرحد کے قریب موجود تھی۔ کار میں سوار چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ دو سکیورٹی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ چہارشنبہ کے روز لبنان کی سرحد کے قریب شامی چوکی کو عبور کرتے ہوئے کار کو نشانہ بنایا گیا۔ کار میں تین فلسطینی جنگجو اور ایک لبنانی حزب اللہ کا رکن شہید ہوگئے۔دونوں ذرائع نے وضاحت کی کہ گاڑی میں اسلحہ نہیں تھا۔اسرائیلی فوج کے پریس آفس نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے اسلامک جہاد موومنٹ کے رہنما فارس قاسم کو شام اور لبنان کی سرحد کے قریب ایک حملے میں ختم کردیا ہے۔ فوج نے بتایا کہ فارس قاسم شام اور لبنان میں اسلامک جہاد موومنٹ کے آپریشنز ڈپارٹمنٹ میں ایک اہم عہدیدار تھا اور تنظیم کے آپریشن ڈپارٹمنٹ میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھا۔ابھی تک حزب اللہ یا اسلامک جہاد موومنٹ کی طرف سے اس حملہ کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔یاد رہے منگل کی رات ایک اسرائیلی حملے نے ایک ٹرک کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مشرقی لبنان میں بعلبک کے علاقے سے گزر رہا تھا۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی دس ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری ہے۔ٹرک کے اوپر لدے سامان کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایجنسی فرانس پریس کے مطابق یہ ٹرک حزب اللہ کے میزائلوں سے بھرا ہوا تھا۔ دیگر رپورٹوں میں اشارہ کیا گیا تھا کہ یہ ایک میزائل پلیٹ فارم تھا۔ دو سیکیورٹی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے نے ایک چھوٹی ٹرانسپورٹ گاڑی کو نشانہ بنایا جو منگل کو دیر گئے شمال مشرقی لبنان میں چل رہی تھی اور ذرائع نے بتایا کہ اس میں فوجی سازوسامان موجود تھا۔