اسرائیلی حملہ کے بعد دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی چوٹی اجلاس طلب

   

دوحہ : 11ستمبر ( یو این آئی ) قطر آئندہ اتوار اور پیر کے روز دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔قطری میڈیا کے مطابق عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں قطری دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ ہنگامی دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ مملکت دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمان نے وزیرِ اعظم شہباز کا استقبال کیا ہے۔وزیرِ اعظم قطر پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں اظہار یکجہتی کے لیے ایک روزہ دورے پر دوحہ پہنچے ہیں۔

سعودی وزیر داخلہ کا قطری ہم منصب سے رابطہ
ریاض : 11ستمبر ( ایجنسیز ) سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نایف بن عبد العزیز نے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ عبد العزیزبن سعود بن نایف نے واضح کیا ہے کہ سعودی قیادت نے برادر ملک قطر کی بھرپور حمایت کے لیے تمام وسائل وقف کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی قیادت نیقطر کے امن، استحکام اور شہریوں کی سلامتی کے تحفظ میں ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے‘۔