اسرائیلی حملے رکوانے سلامتی کونسل سے انڈونیشیا اور ملائیشیا کا مطالبہ

,

   

جکارتا:انڈونیشیا اور ملائیشیا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ ’وہ مداخلت کر کے غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے رکوائے‘۔ ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے بتایا کہ’ انڈونیشیا کے صدر سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ اسرائیل کے گھناونے اقدامات فوری طور پر بند کرائے جانے ضروری ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ’ امریکہ کی مخالفت کی وجہ سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اب تک فلسطین کی صورتحال پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے‘۔علاوہ ازیں عرب پارلیمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ ’فلسطینی علاقوں کے حالات میں مسلسل بگاڑ سنگین نتائج کا باعث بنے گا۔ اسرائیلی حملے بند کیے جانے ضروری ہیں۔ خطے کے عوام مزید کشیدگی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔‘سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے ایک بیان میں ان ممالک کی ستائش کی جنہوں نے اسرائیلی کی جارحیت سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی مدد کے لیے قابل قدر اقدامات کیے۔عرب پارلیمنٹ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ’ اسرائیل کے جارحانہ حملوں کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی مدد بے حد ضروری ہے۔ سارے عربوں کو فلسطینیوں کی مدد کرنا ہوگی‘۔عرب پارلیمنٹ نے تمام مسلم و عرب ملکوں سے اپیل کی کہ ’وہ اس نازک مرحلے میں تمام مسلم ممالک اسرائیلی اقدامات کے خلاف صف بستہ ہو جائیں‘۔عرب پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ ’وہ فلسطینی علاقوں کی المناک صورتحال سے متعلق اپنی ذمہ داری ادا کریں اور فلسطینی قتل عام رکوانے کے لیے اسرائیل پر دباو ڈالیں‘۔