اسرائیلی حملے ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی : شام

   

دمشق: 28 اگست (یو این آئی) اسرائیلی فوج، شام کے جنوبی صوبے ‘قنیطرہ ‘کے دیہی علاقوں میں جارحانہ کارروائیاں کرکے ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے ۔شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اسرائیلی افواج نے چہارشنبہ کو گولان پہاڑیوں میں، بفر زون کے اندر واقع، راسم الروادی کے علاقے اور قنیطرہ کے دیہی علاقے ‘سمندانیہ الغربیہ’ کی طرف پیش قدمی کی ہے ۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے اس خبر پر کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا گیا۔ اگست کے دوران اسرائیلی فوج نے شام کے جنوب مغربی صوبے قنیطرہ میں، منگل کی گئی تازہ ترین کاروائی سمیت، پانچ بار جارحانہ کارروائیاں کی ہیں۔ اس جارحیت و اشتعال انگیزی کے دوران ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے ۔ شام نے چہارشنبہ کے روز کئے گئے اور دمشق کے دیہی علاقے میں چھ فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے ، مہلک اسرائیلی ڈرون حملے کی مذّمت کی ہے ۔ شام وزارتِ خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ “یہ جارحیت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بیخ کُنی اور شام کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی کھُلی خلاف ورزی ہے ۔وزارت نے حملے کو اسرائیل کی قبضہ پالیسیوں کا حصہ قرار دیا اور کہا ہے کہ یہ جارحانہ کاروائیاں خطے کی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ وزارت نے کہا ہے کہ شام ،بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی زمین اور عوام کے دفاع کے جائز حق پر قائم رہے گا۔ بیان میں بین الاقوامی برادری اور خاص طور پر سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ “بار بار ہونے والی اس جارحیت کو روکنے کے لیے اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیلی قبضہ حکام کو شام، اس کے عوام اور اس کے قومی اداروں پر دست درازی سے باز رہنے کا پابند کرے ۔