بیروت: اسرائیل کے جنوبی لبنان پر فضائی حملے میں المیادین ٹی وی کی خاتون رپورٹر فرح عمر اور کیمرہ مین رابیح الماماری سمیت 7 افراد شہید ہوگئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں 2صحافی اور 5 عام شہری شہید ہوئے ہیں، اسرائیلی حملے کے وقت فرح عمر اور کیمرہ مین رابیح الماماری اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری ادا کررہے تھے کہ اچانک اسرائیلی طیاروں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 5 عام شہری بھی شہید ہوگئے۔دارالحکومت بیروت سے نشر ہونے والے عالمی ٹی وی چینل المیادین نے اسرائیلی بمباری میں اپنی رپورٹر اور کیمرا مین کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔المیادین ٹی وی نے 2012 میں اپنی نشریات کا آغاز بیروت سے کیا تھا اور مسلم عرب دنیا میں دیکھے جانے والا مقبول ٹی وی شمار ہوتا ہے۔