اسرائیلی حملے کے بعد گلوبل صمود فلوٹیلا کا احتجاج کا اعلان

,

   

اٹلی اور ترکیہ سمیت مختلف ممالک میں عوام نے سڑکوں پر نکل کر اسرائیل کیخلاف مظاہرہ کیا

انقرہ۔2؍اکتوبر( ایجنسیز) اسرائیلی حملے اور کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد گلوبل صمود فلوٹیلا نے فلسطین کے حامیوں کو احتجاج کی کال دیدی۔اٹلی اور ترکیہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں بھی عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل کر فلوٹیلا اور غزہ پر حملوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اسرائیلی حملے کے بعد گلوبل صمود فلوٹیلا نے احتجاج کا اعلان کردیا جس پر مختلف ممالک میں مظاہرے جاری ہیں۔گلوبل صمود فلوٹیلا نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ اْن کے قافلے پر اسرائیل کے حملے شروع ہوچکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کو رد عمل دیا جائے۔گلوبل صمود فلوٹیلا نے مطالبہ کیا کہ سفارتخانوں، پارلیمان کے سامنے مظاہرے کئے جائیں تاکہ فلسطین کے حق میں عالمی دباؤ بڑھایا جا سکے۔فلوٹیلا کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ان کمپنیوں کے سامنے بھی مظاہرے کیے جائیں جو فلسطینیوں کی نسل کشی میں اسرائیل کیساتھ ملوث ہیں۔گلوبل صمود فلوٹیلا کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد یونان میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔اٹلی اور ترکیہ میں بھی عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل کر فلوٹیلا اور غزہ پر حملوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ اسرائیلی بحریہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی کئی کشتیوں پر حملہ کر کے انہیں تحویل میں لے لیا جس کے بعد جہازوں اور کشتیوں میں سوار افراد کو حراست میں لے کر اسرائیلی پورٹ منتقل کردیا۔اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ تمام کارکن محفوظ ہیں۔ حکام کے مطابق اسرائیل پہنچنے کے بعد تمام گرفتار کارکنوں کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔