اسرائیلی خفیہ تنظیم ’موساد ‘کے یوسی کوہن کی جگہ نئے ڈائریکٹر ’ڈی‘ کا تقرر

   

تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے خفیہ ایجنسی موساد کے نئے ڈائریکٹر کا تقرر کیا ہے۔فی الوقت صرف ’ڈی‘ کے نام سے شناخت کیے گئے نئے ڈائریکٹر موساد کے موجودہ سربراہ یوسی کوہن کی جگہ لیں گے۔اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ نیتن یاہو نے موساد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی کو ایجنسی کا نیا ڈائریکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’ڈی‘ موساد کے ایک تجربہ کار جہان دیدہ افسر ہیں۔‘‘سرکاری بیان کے مطابق اب ایک خصوصی کمیٹی مسٹر ڈی کے تقرر کی منظوری دے گی۔یہ کمیٹی اسرائیل میں اعلیٰ سرکاری عہدوں پر تقرر کی منظوری دینے کی مجاز ہے۔اسرائیلی اخبار ’’یروشلم پوسٹ‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر کمیٹی نے منظوری دے دی تو نئے ڈائریکٹر جون 2021ء میں یوسی کوہن کے سبکدوش ہونے کے بعد اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔