واشنگٹن : 31ڈسمبر ( ایجنسیز ) وائٹ ہاوس کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ اسرائیلی زرعی مصنوعات کی کسٹم معافی مہلت کو 2026 کے آخر تک بڑھا دیا ہے۔کل بروز سوموار ٹرمپ نے، متعدد تجارتی معاہدوں کو متاثر کرنے والے، امریکی ٹیرف شیڈول میں بہت سی تکنیکی اصلاحات کی بھی منظوری دی ہے۔ اسرائیلی مصنوعات کی کسٹم معافی میں یہ توسیع امریکہ۔ اسرائیل آزاد تجارت سمجھوتے کی ذیل میں دی گئی ہے۔ معاہدے کی رْو سے 1985 میں منظور کی گئی اور اسی سال کانگریس کی طرف سے نافذ کی گئی، طویل مدتی شقیں برقرار رہیں گی۔ اعلامیے کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان 2004 کے زرعی تجارتی سمجھوتے میں مستقل تبدیلیوں کے حتمی شکل اختیار کرنے تک ، دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تجارتی مراعات کا تحفظ کرتا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے دسمبر 2025 میں، 2004 کے زرعی تجارتی فریم ورک میں مستقل تبدیلیاں لانے اور ان تبدیلیوں کے نافذ ہونے تک اس کی شرائط میں عارضی توسیع پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں مخصوص مقدار میں اسرائیلی زرعی مصنوعات 31 دسمبر 2026 تک امریکی بازار میں ڈیوٹی فری داخل ہوتی رہیں گی۔
