اسرائیلی سافٹ ویر صرف کال ریکارڈ تک محدود نہیں ‘مکمل جاسوسی کا اہل

   

ای میل یا سوشیل میڈیا پاسورڈ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ سافٹ ویر کی صرف حکومتوں کو فروخت
حیدرآباد۔5نومبر(سیا ست نیوز) ملک میں ای۔میل یا سوشل میڈیا کا استعمال محفوظ ہے !حکومت تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر رسائی حاصل کرنے کی متحمل ہے اور حکومت کی جانب سے کسی بھی شہری کے ای میل یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رسائی حاصل کی جاسکتی ہے اور ان کے پاسورڈ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔اسرائیلی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ Pegasusسافٹ وئیر صرف واٹس اپ یا فون کال کے ریکارڈ کیلئے استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ اس سافٹ وئیر کے ذریعہ ای۔ میل ‘ فیس بک‘ ٹوئیٹر‘ اسکائیپ کالس کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی تفصیلات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اسرائیلی کمپنی پیگاسس نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ ان کی جانب سے تیار کرہ یہ سافٹ وئیر جاسوسی کے مکمل امور کی انجام دہی کا اہل ہے اور اسے صرف واٹس اپ یا فون کالس کے ریکارڈ کیلئے استعمال کرنے کے اعلانات درست نہیں ہے۔Pegasus کے متعلق اطلاعات کے منظر عام پر آنے کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کو دیکھتے ہوئے مختلف گوشوں سے اس بات کا استفسار کیا جانے لگا ہے کہ مرکزی حکومت اس بات کا انکشاف کرے کہ حکومت کے کس شعبہ کی جانب سے یہ سافٹ وئیر خریداگیا ہے اور اس سافٹ وئیر کی خریدی کا مقصد کیا ہے!اس مطالبہ پر حکومت کی جانب سے اب تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے لیکن کمپنی کی جانب سے یہ واضح کیا جاچکا ہے کہ کمپنی اپنا سافٹ وئیر صرف حکومت کو اور سرکاری اداروں کو ہی فروخت کرتی ہے ۔اس وضاحت کے بعد اب کمپنی نے اس بات کی بھی توثیق کردی ہے کہ اس کا یہ سافٹ وئیر صرف واٹس اپ کالس یا فون کالس کے ریکارڈ کیلئے استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ اس سافٹ وئیر کے ذریعہ دیگر ایپلیکیشن کے ذریعہ کئے جانے والے رابطہ کی بھی تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں اور صارف کو اس کاعلم نہیں ہوتا۔