نئی دہلی : ہندوستان میں اسرائیل کی سفیر ناور گیلون نے فلم ’دی کشمیر فائلز‘کے بارے میں اسرائیلی فلم انڈسٹری کے نمائندہ ناداو لاپڈ کے بیان کو شرمناک قرار دیا ہے ، جو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا 2022 کی جیوری کے چیئرمین ہیں اور انہوں نے کہا کہ شاید انہیں تاریخ کا صحیح علم نہیں ہے ۔گیلون نے کہا کہ لاپڈ نے یہ بات اسرائیل کی اندرونی سیاست کے بارے میں اپنی ہٹ دھرمی کو ظاہر کرنے کے لیے کہی تھی۔لاپڈ نے پیر کو گوا میں وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر کی موجودگی میں 53ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی فیچر فلموں کی مقابلہ جاتی فہرست میں ’دی کشمیر فائلز‘کو شامل کرنے پر تنقید کی اور اسے بے ہودہ پروپیگنڈہ فلم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کے لیے جمع کرائی گئی فیچر فلموں کی فہرست میں اس فلم کو دیکھ کر وہ پریشان اور حیران ہیں۔ہندوستان، سری لنکا اور بھوٹان میں سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے گیلون نے فلم ساز کے تبصروں کو ہندوستان کی اتیتھی دیو بھاوا روایت کی سنگین توہین قرار دیا اور کہا کہ اس سے ہندوستان جیسے دوست ملک کے لوگوں میں دنیا میں یہودیوں پر ہوئے مظالم کی داستانوں پر شبہ کئے جانے لگا ہے۔