بوگوٹا : کولمبیانے غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے جاری حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے بعد بوگوٹا میں اسرائیل کے سفیر نے ملک چھوڑ دیا ہے۔بوگوٹا میں اسرائیل کے سفیرگیلی ڈیگن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں کہا کہ کولومبیا، آپ کا بہت بہت شکریہ، آپ نے ہم پر بہت مہربانی کی۔ آپ نے ہمارے بہن بھائیوں اور عوام کے درمیان دوستی کے لیے دو سال تک انتھک محنت کی ہے۔ میں ابھی سے آپ کو یاد کرنے لگا ہوں۔مقامی میڈیا کے مطابق، تل ابیب میں کولومبیا کی سفیرہ مارگریٹا منجریز بھی اس ماہ کے آخر تک اسرائیل میں اپنا سفارتی مشن ختم کر دیں گی۔یکم مئی کو کولمبیاکے صدر گستاو پیٹرو نے اپنے بیان میں اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کے غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری حملوں کی وجہ سے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے جائیں گے۔پیٹرو نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کی، تمام انسانیت جو آج سڑکوں پر آئی ہے ہم سے متفق ہے، ہم نسل کشی کے دور میں واپس نہیں جا سکتے، ہم انسانیت کی آنکھوں کے سامنے لوگوں کو تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے، فلسطین ختم ہو گا تو انسانیت بھی مر جائے گی۔